نئی دہلی،2؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آمدنی سے زیادہ جائیداد معاملے میں سپریم کورٹ کی طرف سے مجرم قرار دی گئی اور جیل کی سزا کاٹ رہی اے آئی ڈی ایم کے چیف ششی کلا کے ازسرنوجائزہ پٹیشن پر سماعت آج ٹل گئی ہے۔دراصل جس بنچ کے سامنے اس معاملے پر سماعت ہونی تھی اس میں جسٹس آر ایف نریمن بھی شامل تھے۔ششی کلا کی جانب سے سینئر وکیل مکل روہتگی نے کہا کہ جسٹس نریمن کے والد فالییس نریمن ششی کلا کیس کی پیروی کر چکے ہیں،لہذا انہیں سماعت سے ہٹ جانا چاہئے۔اس کے بعد سپریم کورٹ نے دوسری بنچ سماعت کرنے کی ہدایت دی۔گزشتہ 14فروری کو سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے ششی کلا کو مجرم قرار دیا تھا۔اس معاملے میں ٹرائل کورٹ نے چار سال کے جیل کی سزا سنائی تھی جس پر سپریم کورٹ نے مہر لگائی تھی۔کورٹ نے ششی کلا، الاورسی اور سدھاکرن تینوں کو چار چار سال قید اور تینوں پر دس دس کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا تھا۔